پولیومہم: 10لاکھ بچے ہدف ،ٹیمیں تشکیل

پولیومہم: 10لاکھ بچے ہدف ،ٹیمیں تشکیل

قومی مہم کیلئے ضلع بھر میں 4ہزار سے زائد فیلڈ موبائل ٹیمیں بنائی گئیں،تربیت مکمل،موثر مانیٹرنگ ، سپرویژن کی ہدایات، سو فیصد ہدف مکمل کرنے کا ٹاسک دید یا گیا ویسٹ مینجمنٹ کو شہر میں صفائی آپریشن تیز کرنے کا حکم، یونین کونسلوں میں انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرینگے ،ڈی سی

ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) ضلع ملتان میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 2 فروری سے ہوگا، جس کے دوران 10 لاکھ 23 ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ پولیو مہم کے آغاز کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیاء، ایم ایس شہباز شریف ہسپتال ڈاکٹر تنزیل الرحمن اور پولیو کوآرڈی نیٹر روٹری انٹرنیشنل محمد حنیف بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ قومی پولیو مہم کیلئے ضلع بھر میں 4 ہزار سے زائد فیلڈ موبائل ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جبکہ تمام ٹیموں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر جامع اور موثر پلان تشکیل دیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران موثر مانیٹرنگ، فیلڈ سپرویژن اور سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا اور مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک ریاست چین سے نہیں بیٹھے گی اور اس قومی فریضے کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں ۔ نعمان صدیق نے شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود عملہ صفائی کی کارکردگی کو چیک کیا اور صفائی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے مختلف شاہراہوں، رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز میں صفائی کی صورتحال کا مشاہدہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کر کے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ شہریوں نے صفائی کے حوالے سے اپنی آرائاور تجاویز سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہر بھر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں