زکریایونیورسٹی میں بزنس انکوبیشن سنٹر کا افتتاح

زکریایونیورسٹی میں بزنس انکوبیشن سنٹر کا افتتاح

صنعتی وتجارتی سرگرمیوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، بریفنگ

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں بزنس انکیوبیشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جسے جنوبی پنجاب میں انڈسٹری اور یونیورسٹی کے مابین مضبوط روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔ افتتاحی تقریب کی مہمانِ خصوصی، منسٹر آف سٹیٹ فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ وجہیہ قمر تھیں، انہوں نے سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام طلبہ کے کاروباری آئیڈیاز کو عملی شکل دینے اور انہیں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا بزنس انکیوبیشن سنٹر نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے ، سٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ موجودہ دور میں جامعات کا کردار صرف ڈگریوں کے اجرا تک محدود نہیں بلکہ انہیں تحقیق، جدت اور صنعت کے ساتھ اشتراک کو بھی فروغ دینا ہوگا۔اس موقع پر ڈائریکٹر بزنس ایجوکیشن سنٹر ڈاکٹر آصف یاسین نے مہمانوں کو سنٹر کی فراہم کردہ سہولیات اور سروسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ سنٹر طلبہ کو بزنس پلان ڈویلپمنٹ، مینٹورشپ، انڈسٹری لنکیجز، ٹیکنیکل سپورٹ اور مارکیٹ تک رسائی جیسی سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے وائس چانسلر کے ویژن کے مطابق یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور یوتھ انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لئے مرتب کردہ روڈمیپ پر بھی روشنی ڈالی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں