مبینہ پولیس مقابلہ، منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار
وہاڑی،میلسی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا) تھانہ کرم پور کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران متعدد مقدمات میں مطلوب ایک منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دوران گشت مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ریکارڈ یافتہ منشیات فروش اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے ۔ گرفتار ملزم کی شناخت یعقوب ولد رمضان سکنہ ہری چند کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 1500 گرام چرس اور ایک پسٹل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ ایس ایچ او تھانہ کرم پور ملک زمان نے بتایا کہ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور منشیات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔