آوارہ کتوں کے حملے ،مویشی اورنایاب نسل کے دو مور ہلاک
جہانیاں (نمائندہ دنیا) نواحی گاؤں 131دس آر میں آوارہ کتوں کے حملے کے باعث انسان اور جانور دونوں غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔
گزشتہ روز ایک درجن آوارہ خونخوار کتوں نے ملک حیات اعوان کا ایک بچھڑا، مرزا منیب کی اعلیٰ نسل کی تین بکریاں اور نایاب نسل کے دو مور مار ڈالے جبکہ اللہ دتہ سیال کی دو بکریاں چیر پھاڑ کر دیں۔گاؤں والے بتاتے ہیں کہ آوارہ کتوں نے دیگر جانوروں اور گاؤں کے لوگوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ متاثرین نے تحصیل جہانیاں کی انتظامیہ سے شکایات درج کرائیں مگر ابھی تک کوئی عملی کارروائی نہیں ہوئی۔ بچوں، خواتین اور بوڑھوں میں خوف و ہراس پھیل چکا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال اور اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر آوارہ کتوں کی تلفی یقینی بنائی جائے تاکہ انسانی جان اور پالتو جانور محفوظ رہیں اور گاؤں میں امن قائم ہو۔