ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین وارڈنز غائب

ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین وارڈنز غائب

بوہڑ گیٹ، حرم گیٹ، پاک گیٹ،گھنٹہ گھر ، تغلق روڈ، دولت گیٹ بازار میں تمام دن ٹریفک جام رہتی، جام، حسین آگاہی بازار میں نصب روڈاسپائکس خستہ ،ون وے کی خلاف ورزیاں

ملتان(لیڈی رپورٹر)شہر کے مصروف تجارتی علاقوں بوہڑ گیٹ، حرم گیٹ، پاک گیٹ، گھنٹہ گھر، تغلق روڈ، دولت گیٹ بازار میں ٹریفک بری طرح جام اور حسین آگاہی بازار میں نصب روڈ اسپائکس ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث ون وے کی خلاف ورزیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ قومی تاجر اتحاد پاکستان کے رہنماؤں کی ایس ایس پی آپریشن حیدر علی سے ملاقات، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔مرکزی صدر قومی تاجر اتحاد پاکستان سلطان محمود ملک کی قیادت میں قومی تاجر اتحاد پنجاب کے چیئر مین و انجمن تاجران کوٹلہ تولے خان تغلق روڈ کے صدر شیخ محمد شفیق، انجمن تاجران حضوری باغ کے جنرل سیکرٹری و ضلعی سیکرٹری قومی تاجر اتحاد ملک مقبول کھوکھر، صدر انجمن تاجران مل مظفر آباد و سٹی صدر قومی تاجر اتحاد ملک اقبال جاوید، جنرل سیکرٹری قومی تاجر اتحاد محمد یعقوب مغل، صدر انجمن تاجران بدھلہ روڈ و جنرل بس سٹینڈ بابا طارق بھٹی، صدر انجمن تاجران پرانا شجاع آباد روڈ و نائب صدر قومی تاجر اتحاد شیخ محمد عمر نے وفد کی صورت میں شرکت کی۔

مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے کہا کہ ملتان کے تاریخی بازاروں میں ٹریفک نظم و ضبط اور امن و امان کی بحالی ناگزیر ہے ، روڈ اسپائکس کی فوری تنصیب وقت کی ضرورت ہے ، تاجر قانون کی پاسداری چاہتے ہیں مگر انہیں بلاجواز ہراساں نہ کیا جائے ، اور رمضان و عید کے موقع پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے ۔دیگر رہنماؤں نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، لفٹر کے بے جا استعمال کو روکا جائے ، بازاروں میں پولیس گشت بڑھائی جائے اور تاجروں کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ یقینی بنایا جائے ۔وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ جب گاہک خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کرتے ہیں تو ٹریفک پولیس کا لفٹر فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑیاں اٹھا لیتا ہے ۔ مزید برآں ریڑھی اور موٹرسائیکل رکشہ پر لاوڈ سپیکر کے ذریعے اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور پیرا فورس کے اہلکاروں کے نامناسب رویے کا بھی معاملہ اٹھایا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں