تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم نافذکردیا گیا

تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ سسٹم نافذکردیا گیا

پائلٹ پراجیکٹ کے تحت کمپیوٹر پیپر کی آن لائن مارکنگ شروع

ملتان (خصوصی رپورٹر) ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں آن لائن مارکنگ کے لیے خصوصی سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے اور ای مارکنگ سسٹم باقاعدہ نافذ کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق رواں سال پائلٹ پراجیکٹ کے تحت کمپیوٹر کے پرچے کی آن لائن مارکنگ کی جائے گی۔انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (آئی بی سی سی) نے تمام تعلیمی بورڈز کو ای مارکنگ پر عملدرآمد کا پابند کر دیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لیے تیار کیا گیا خصوصی سافٹ ویئر تمام بورڈز کو مفت فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ نظام کو یکساں اور مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق پائلٹ مرحلہ کامیاب ہونے کے بعد تمام امتحانی پرچوں کی مارکنگ بتدریج آن لائن ای مارکنگ کے تحت کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نتائج میں شفافیت، غلطیوں میں کمی اور جانچ کے معیار کو بہتر بنانا ہے ۔ تعلیمی حلقوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جدید نظام سے طلبہ کو بروقت اور منصفانہ نتائج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں