پلس پراجیکٹ :مشترکہ کھاتوں کی تقسیم تیز کرنے کا حکم
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت پلس پراجیکٹ اور ریونیو ریکوری کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زیر التواء پارٹیشن فائلز، میوٹیشن، نوٹیفائیڈ موضع جات، ونڈاجات اور ۔۔۔
اغلاط ناموں کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ونڈاجات (پلس) کو بروقت نمٹانا اولین ترجیح ہے ۔ تمام ریونیو افسران مشترکہ کھاتوں کی تقسیم اور ونڈاجات کے عمل کو تیز کریں۔ آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس، ایف بی آر اور دیگر سرکاری واجبات کی مکمل وصولی یقینی بنائی جائے ، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام چکوک میں ونڈاجات سے متعلق عوام کو آگاہی دی جائے جبکہ ریونیو افسران اور پٹواری اغلاط ناموں کی درستگی کر کے پلس میں جمع کرائیں۔ نوٹیفائیڈ موضع جات کا ریکارڈ متعلقہ اراضی ریکارڈ سنٹر میں جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان، اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم اور دیگر افسران موجود تھے ۔