عید سے قبل جیب تراش اور چوری کی وارداتیں بڑھ گئیں
موبائل فونز،نقدی اور موٹر سائیکل چوری، شہریوں کا گشت بڑھانے کا مطالبہ
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) عید سے قبل شہر میں جرائم پیشہ عناصر متحرک ہو گئے ۔ سرکل ماڈل ٹاؤن کی حدود میں جیب تراش گروہ نے مزید پانچ شہریوں کے موبائل چوری کر لیے ۔ متاثرین عبد المنان، حمزہ، ذوالفقار، شیخ نوید آصف اور شکیل انجم گگو سے گجر طیارہ کے ذریعے بوریوالا آئے اور بس سے اترنے کے بعد معلوم ہوا کہ لاکھوں روپے مالیت کے موبائل غائب ہیں۔اسی طرح امجد سکنہ 263 ای بی کی موٹر سائیکل سبزی منڈی سے چوری کر لی گئی۔ سجاد سکنہ 431 ای بی نے بتایا کہ وہ میزان بنک سے رقم نکلوا کر جا رہا تھا کہ دو افراد دھوکہ دے کر جنازہ گاہ روڈ پر لے گئے اور تین لاکھ روپے نقدی اور موبائل لے کر فرار ہو گئے ۔تھانہ صدر کی حدود چنوں موڑ ٹرک اڈا سے دو واٹر پمپ اور کیبل تار چوری کر لیے گئے ۔ عبد اللہ کے مطابق چوری شدہ سامان کی مالیت ساٹھ ہزار روپے ہے ۔ تھانہ شیخ فاضل کی حدود سے موٹر سائیکل مکینک ظہیر حسین کے دو موبائل بھی چوری کر لیے گئے ۔پولیس کے مطابق مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ متاثرین نے گشت بڑھانے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔