کوٹ ادو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، تاجر برادری سراپا احتجاج
بجلی کی طویل بندش، شہری و تاجر مشکلات، فوری شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر کوٹ ادو اور ضلع بھر میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے شدید گرمی کے دوران سنانواں، دائرہ دین پناہ، محمود کوٹ، قصبہ گجرات اور احسان پور سمیت مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں میں 16 گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے رات کے اوقات میں بجلی کی مسلسل بندش سے بچے ، بزرگ اور خواتین شدید اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ دن کے وقت بجلی نہ ہونے سے کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں تجارتی مراکز اور دکانیں بند ہونے سے تاجروں کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے اور طلبہ و طالبات بھی امتحانات کے دوران سخت پریشانی سے دوچار ہیں شہریوں نے صورتحال پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور میپکو حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے دوسری جانب ضلعی و مرکزی انجمن تاجران کوٹ ادو کے صدر محمد عثمان شیخ نے بھی ایکسئین میپکو کو درخواست ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے عوام اور تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہیں اس لیے پیک آورز پالیسی کے مطابق باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے اور مرمت یا فالٹ کے نام پر طویل بندش کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔