ماہڑہ ،حسن پور کچہ بنیادی سہولتوں سے محروم، زندگی مفلوج
ماہڑہ (نامہ نگار)موضع حسن پور کچہ بنیادی سہولتوں سے محروم، عوام شدید مشکلات کا شکار حلقہ پی پی 272 کے موضع حسن پور کچہ اور ۔۔۔
یونین کونسل حسن پور کچہ کے مکین بدترین بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ علاقے میں ویٹرنری ہسپتال ہے نہ سرکاری سکول اور نہ ہی پینے کے صاف پانی کے لیے کوئی واٹر فلٹریشن پلانٹ ہے ۔ متعدد بستیاں آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جبکہ بیشتر سڑکیں انتہائی خستہ حال ہو چکی ہیں، اللہ آباد سے بستی مانک پور تک روڈ مکمل تباہ ہوچکا ہے ،کچہ ماہڑھ سے بستی ڈوگا تک بہشتی نہر کے کنارے سڑک کی عدم موجودگی نے مقامی آبادی اور کسانوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کئی بار متعلقہ محکموں اور عوامی نمائندوں کو مسائل سے آگاہ کیا مگر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ عوام نے منتخب ایم پی اے اور ضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔