نشتر ٹو ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر مشکلات

نشتر ٹو ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر مشکلات

مریض، لواحقین پانی اورکینٹین کی سہولت سے محروم ،فراہمی یقینی بنانے کامطالبہ

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے دعوؤں کے ساتھ بنائے گئے نشتر ٹو ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے مریضوں، لواحقین اور عملے کیلئے مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سخت گرمی میں ٹھنڈے اور صاف پانی کی مناسب فراہمی نہ ہونے سے ہسپتال آنے والے افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہسپتال کو فعال ہوئے دو سال گزر جانے کے باوجود تاحال کینٹین قائم نہیں کی جا سکی، جسکے باعث مریضوں، ان کے تیمارداروں، ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو کھانے پینے کی اشیاء کے حصول کیلئے باہر جانا پڑتا ہے ۔ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انہیں دور دراز علاقوں میں موجود ہوٹلوں اور دکانوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جہاں نا صرف اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں بلکہ غیر معیاری خوراک ملتی ہے ۔ کینٹین اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی بڑے سرکاری ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ مریضوں کو علاج کے ساتھ بنیادی سہولیات فراہمی بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نشتر ٹو ہسپتال میں فوری طور پر کینٹین ، ٹھنڈے پانی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں