مسلم لیگ فنکشنل کا 16اگست کو جلسہ عام کا اعلان

مسلم لیگ فنکشنل کا 16اگست کو جلسہ عام کا اعلان

عوام کوپانی کی شدید قلت، ٹوٹی سڑکوں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا معاشی مرکز ہونے کے باوجود کراچی بنیادی سہولیات سے محروم ،سردارعبدالرحیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم کی صدارت میں فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن کے ضلعی صدور، جنرل سیکریٹریز اور زمیندار ونگ کے عہدیداروں کا اہم تنظیمی اجلاس فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری وقار جٹ، کراچی ڈویژن کے صدر محمد انور عظیم ایڈووکیٹ، جمشید خان، نعیم سجاد، ارمان فیاض، اسامہ جعفری تنزیلہ خرم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں کراچی کی موجودہ سیاسی، انتظامی اور شہری صورتحال، تنظیمی امور اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان کا معاشی مرکز ہونے کے باوجود کراچی بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور شہری مسلسل بدانتظامی کا شکار ہیں۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 16 اگست کو شاہراہ قائدین کراچی پر کراچی کے عوامی مسائل کے حل، شہری حقوق کے تحفظ اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس سے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی مرکزی و صوبائی قیادت خطاب کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ کراچی کو گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ شہر کے عوام پانی کی شدید قلت، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، سیوریج کے ناقص نظام، اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری، مہنگائی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، صحت و تعلیم کی ناقص سہولیات اور شہری انفرااسٹرکچر کی تباہ حالی کا سامنا کر رہے ہیں، مگر حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...