دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کابریک ڈاؤن،یومیہ75ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوگی

دھابیجی  پمپنگ  اسٹیشن پر بجلی  کابریک  ڈاؤن،یومیہ75ملین گیلن پانی  کی  فراہمی  متاثر  ہوگی

کیبل فالٹ کے باعث تین پمپ بند، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور اسکیم 33کے بعض علاقوں میں عارضی کمی متوقع، مرمت کاکام جاری

کراچی(این این آئی)واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے کہا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ترجمان کے مطابق بجلی کی مکمل بحالی تک بعض علاقوں میں پانی کی سپلائی معمول سے کم رہ سکتی ہے ۔ترجمان کے مطابق اتوار کی صبح 8 بج کر 45 منٹ پر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تھرڈ فیز میں بجلی کا بریک ڈاؤن پیش آیا، جس کے باعث تھرڈ فیز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے خرابی کو کیبل فالٹ قرار دیتے ہوئے تکنیکی ٹیم کو فوری طور پر موقع پر روانہ کر دیا ہے ، جو فالٹ دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ کیبل فالٹ کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تین پمپ عارضی طور پر بند ہو گئے ہیں، جس کے باعث شہر کو یومیہ 75 ملین گیلن پانی کی فراہمی میں عارضی کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔واٹر کارپوریشن کے مطابق اس صورتحال سے نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور اسکیم 33 کے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے ۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل ہے کہ پانی کا محتاط استعمال کریں ۔دوسری جانب  ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو بجلی مہیا کرنے والے کے ڈی اے پمپنگ فیڈر 2 میں آنے والا فالٹ اندرونی نوعیت کا ہے جس کا کے الیکٹرک سے تعلق نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...