عوام اورٹرانسپورٹرزحکومت کا ساتھ دیں، گورنر سندھ

 عوام اورٹرانسپورٹرزحکومت کا ساتھ دیں، گورنر سندھ

گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کی ملاقات،ٹول ٹیکس و دیگر مسائل پر تبادلہ خیال ٹرانسپورٹرز کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائینگے ،نہال ہاشمی

کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر عوام بالخصوص پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر حکومت کے مشکل فیصلوں میں بھرپور ساتھ دیں کیونکہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے ۔اتوار کو گورنر ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ، ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ جنگی حالات کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود قومی مفاد میں گاڑیاں نقصان برداشت کرتے ہوئے بھی چلائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر محصولات میں ریلیف دیا جائے جب کہ دسمبر میں ہونے والے معاہدے پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...