خاوند نے مبینہ طور پر بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا
شوکت علی پر زہریلی گولیاں دینے کا الزام، ملزم گرفتار ، مقدمہ درج
چھب کلاں (نامہ نگار)تھانہ چھب کلاں کی حدود میں مبینہ طور پر خاوند نے اپنی بیوی اور کمسن بیٹی کو زہریلی گولیاں دے کر قتل کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ چھب کلاں کی حدود 61 اے پندرہ ایل کے رہائشی محمد اقبال کی درخواست پر درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مریم بی بی کی شادی تقریباً 12 سال قبل شوکت علی سکنہ 61 پندرہ ایل سے ہوئی تھی، جس کے بطن سے دو بیٹے اور ایک بیٹی پیدا ہوئی۔ اہلِ خانہ کے مطابق ایک روز قبل ملزم شوکت نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ مریم اور بیٹی نور کو زہریلی گولیاں دے دیں، جس کے بعد دونوں کی حالت غیر ہوگئی۔دونوں کو فوری طور پر وہاڑی سول ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تشویشناک حالت کے باعث انہیں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کیا گیا جہاں وہ دونوں جانبر نہ ہو سکیں اور دم توڑ گئیں۔ متوفیہ کے والد محمد اقبال کے مطابق ان کی بیٹی اور نواسی کو گندم میں رکھنے والی گولیاں دی گئیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔