کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے ماہرین کی کاشتکاروں کو ہدایات
سی سی آر آئی کی پانی، کھاد، کیڑوں اور بیماریوں سے بچاؤ کی سفارشات جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی) سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا نواں اجلاس ڈائریکٹر سی سی آر آئی مس صباحت حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اگیتی اور موسمی کپاس کی بہتر نگہداشت کے لیے آئندہ 15 روز کی سفارشات پیش کی گئیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ گرم اور حبس والے موسم میں کپاس کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، اس لیے کاشتکار موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چار یا پانچ دن کے وقفہ سے فصل کو پانی لگائیں۔ اگرپھل کا کیرا ہو یا پتوں کا پیلا پن ہو یا پتے سرخ نظر آئیں تو کا شتکار فصل پر توجہ دیں ،یہ علامات ،گرمی وحبس، زیادہ درجہ حرارت ،پانی کی کمی یا کیڑوں کے حملہ کی ہیں۔ کاشتکار فصل کوگرمی کی شدت سے بچانے اور ٹینڈوں ،ڈوڈیوں میں اضافے کے لئے کاشتکار 200 گرام پوٹاشیم سلفٹ، 250 گرام میگنیشیم سلفیٹ،150 گرام زنک سلفیٹ ،100 گرام بوران اور ایک کلوگرام یوریا علیحدہ علیحدہ محلو ل بنا لیں اور پھر اس محلول کو 125 لٹر پانی میں ملا کر فی ایکڑ کے حساب سے علی الصبح یاشام سپرے کریں۔ بارشوں کی صورت میں کھیت سے پانی کا نکاس 24 گھنٹے کے اندر اندر ممکن بنائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کا شتکار کلیاں ،پھول آنے پر یا جب فصل بھرپور پھول نظر آئیں تو نائٹروجن کی بقیہ قسط ڈالیں۔