تعلیمی بورڈ میں شفافیت، میرٹ اولین ترجیح ہوگی، اعجاز احمد
نئے چیئرمین کی افسروں سے پہلی ملاقات، امتحانی نظام جدید بنانے کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)تعلیمی بورڈ ملتان کے نو تعینات چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے منصب سنبھالنے کے بعد افسروں سے اپنے پہلے تعارفی اجلاس میں بورڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ خرم شہزاد قریشی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمران احمد نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ تعلیمی بورڈ قوم کا علمی و فکری اثاثہ ہے ، اس لئے امتحانی عمل کو سو فیصد شفاف بنایا جائے گا اور سفارش یا کسی غیر قانونی عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ طلبہ اور والدین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، دفتری پیچیدگیاں کم کی جائیں اور شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپر مارکنگ سے نتائج کی تیاری تک تمام مراحل میں جدید آئی ٹی نظام اور سافٹ ویئر متعارف کرائے جائیں تاکہ انسانی غلطیوں کا خاتمہ ہو سکے ، جبکہ نقل کی روک تھام کے لئے نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ سیکرٹری خرم شہزاد قریشی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمران احمد نے چیئرمین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بورڈ میں شفافیت، میرٹ، بروقت نتائج اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔