ویمن یونیورسٹی :مصنوعی ذہانت لازمی مضمون قرار دے دیا
نصاب اصلاحات، نئے پروگرامز اور ایچ ای سی ہم آہنگی کی سفارشات منظور
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی زیر صدارت مختلف فیکلٹیز کے بورڈز آف فیکلٹی کے اجلاس منعقد ہوئے ، جن میں نصاب کی نظرثانی، نئے تعلیمی پروگرامز، سکیم آف سٹڈیز اور تعلیمی پالیسیوں میں اصلاحات کی سفارشات منظور کی گئیں۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر مریم زین، مس اقراء اسد اور مس مریم بلوچ بھی موجود تھیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ تمام تعلیمی فیصلے ایچ ای سی اور متعلقہ پروفیشنل کونسلز کے تقاضوں کے مطابق کئے جائیں گے ۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے تمام ڈگری پروگرامز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ طلبہ کی تحقیق، تنقیدی سوچ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ اجلاسوں میں ایم ایس اردو ویک اینڈ، ایم ایس انگلش لٹریچر، ایم ایس انگلش لسانیات، بی ایس میڈیکل فزکس، بی ایس نینو ٹیکنالوجی، بی ایس کمپیوٹیشنل فزکس، ایم ایس کیمسٹری ویک اینڈ اور بی ایس کیمسٹری (انڈسٹریل کیمسٹری)سمیت متعدد نئے پروگرامز شروع کرنے کی سفارش کی گئی۔ سیشن 2026 سے فارمیسی پروگرام کے نئے سمسٹر ریگولیشنز، شعبہ نباتات کے مختصر تربیتی کورسز اور انٹرن شپ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی سفارش کی گئی۔