سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل

سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل

واسا، ریسکیو 1122،میونسپل کارپوریشن سمیت انتظامی اداروں کو ہائی الرٹ جاری ، بارشی پانی کی نکاسی ،ڈرینز اور نالوں کی فوری صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری مشینری ، ڈی واٹرنگ پمپس ، کشتیاں ، ہنگامی آلات ہر وقت قابل استعمال رکھے جائیں، انسانی جانوں ،املاک کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ، ڈپٹی کمشنر فیصل سلیم

ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ ملتان نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ہائی لیول پری فلڈ اسسمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممکنہ سیلاب، مون سون بارشوں، ایمرجنسی رسپانس پلان اور مختلف محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار، سکیورٹی اداروں، ریسکیو 1122، واسا، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی اور اپنی اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر الرٹ ہے ۔ انہوں نے واسا، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ بارشیٍ پانی کی فوری نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ نالوں اور ڈرینز کی صفائی کا عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ مون سون کے دوران شہری علاقوں میں بلا تعطل نکاسی آب برقرار رہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں نے دریائے چناب پر ریسکیو مشقیں مکمل کر کے اپنی امدادی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا ہے ۔ حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس، کشتیاں اور دیگر ہنگامی آلات ہر وقت استعمال کے لئے تیار رکھے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا اور انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں