فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، اڑھائی من گوشت، 30 کلو ڈیری آئٹمز تلف
تھانہ چوک میاں چنوں، وجھیانوالا، پرانی گوشت مارکیٹ جہانیاں میں کارروائیاں
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور مضر صحت خوراک تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے خانیوال کے مختلف علاقوں میں متعدد فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران اڑھائی من مضر صحت گوشت اور 30 کلو غیر معیاری ڈیری مصنوعات تلف کر دی گئیں، جبکہ تین فوڈ یونٹس کو اصلاح تک بند کر دیا گیا۔ دیسی گھی یونٹ اور ایک بیکری کے مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے تھانہ چوک بازار میاں چنوں، وجھیانوالا اور پرانی گوشت مارکیٹ جہانیاں میں کارروائیاں کیں۔
باسی، بدبودار اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد ہونے پر ایک میٹ شاپ کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔انتہائی غیر صحت بخش ماحول میں خوراک تیار کرنے پر ایک بیکری کو بہتری تک سیل کر دیا گیا، جبکہ مکھن کا نمونہ فیل ہونے اور غیر معیاری اجزا کی ملاوٹ ثابت ہونے پر ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments