ترقی کیلئے تعلیم کیساتھ کردار سازی بھی ضروری ، کمشنر

ترقی کیلئے تعلیم کیساتھ کردار سازی بھی ضروری ، کمشنر

تعلیمی اداروں میں ڈسپلن، کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے ، عامر کریم خان

وہاڑی،بورے والا (خبر نگار، نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر) کمشنر ملتان رانا عامر کریم خان نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ اقوام کی کامیابی کا راز صرف معیاری تعلیم اور جدید سہولیات میں نہیں بلکہ نئی نسل کی تربیت، کردار سازی اور نظم و ضبط میں بھی پوشیدہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر پریس کلب بورے والا سے ملاقات کے دوران کیا۔کمشنر ملتان نے کہا کہ بیرون ملک دورے کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ وہاں بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ذمہ دار اور باکردار شہری بنانے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ، جبکہ ہمارے ہاں تعلیمی نظام بڑی حد تک نمبروں اور پوزیشنز کی دوڑ تک محدود ہوکر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والا طالبعلم یقیناً باعثِ فخر ہے ، تاہم حقیقی کامیابی یہ ہے کہ وہ بااخلاق، قانون پسند، ذمہ دار اور معاشرے کیلئے مفید شہری بھی بنے ۔رانا عامر کریم خان نے کہا کہ حکومتیں عوامی سہولیات اور انفراسٹرکچر پر وسائل خرچ کرتی ہیں، لیکن ان سہولیات کے درست استعمال اور تحفظ کیلئے شہریوں کی تربیت بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں ڈسپلن، کردار سازی اور ذمہ دار شہری کی تربیت کے حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب کو تجاویز دی ہیں، جنہیں قابلِ عمل قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کو عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...