پٹرولیم لیوی کی رقم ریفائنریوں پر خرچ کی جائے ، ذیشان اختر
پٹرولیم لیوی کی رقم ریفائنریوں پر خرچ کی جائے ، ذیشان اخترآمدن کی تفصیلات سامنے لائی جائیں، ریفائنری اپ گریڈیشن ترجیح ہونی چاہیے
ملتان (کرائم رپورٹر) امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کا بنیادی مقصد ملکی ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا، پٹرولیم مصنوعات کی مقامی پیداوار بڑھانا، درآمدی انحصار کم کرنا اور ملکی امپورٹ بل میں کمی لانا تھا، تاہم حکومت نے اسے بتدریج آمدن کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واضح کرے کہ پٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی رقم میں سے کتنی رقم ریفائنریوں کی بہتری اور پٹرولیم سیکٹر کی ترقی پر خرچ کی گئی۔سید ذیشان اختر نے کہا کہ عوام سے وصول کی جانے والی رقم کے استعمال میں مکمل شفافیت اور پارلیمانی نگرانی ضروری ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت اور روزمرہ استعمال کی اشیا کے اخراجات بڑھتے ہیں، اس لیے حکومت کو عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کی پالیسی پر بھی نظرثانی کی ضرورت ہے ۔ لیوی کی وصولی اور اخراجات کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کو ترجیح دی جائے ۔ ایسی پالیسی اختیار کی جائے جس سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کم، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور ملکی معیشت کو طویل مدتی فائدہ حاصل ہوسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments