ہسپتالوں میں موثر فائر سیفٹی اقدامات کا حکم
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے ، ایمرجنسی ریسپانس،مریضوں کے محفوظ انخلاء کیلئے اقدامات کی ہدایات
ملتان،خانیوال (وقائع نگار خصوصی،ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار )کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کا ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ ،کمشنر عامر کریم خاں نے فائر سیفٹی کے حوالے سے جاری موک ایکسرسائز کا جائزہ لیا۔ ہنگامی صورتحال میں مریضوں کے محفوظ انخلا اور ریسکیو اقدامات کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد ہنگامی صورتحال میں ادارے کی تیاریوں اور رسپانس صلاحیت کو جانچنا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے فائر سیفٹی انتظامات کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایم ایس، ڈی او 1122 اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، مریضوں کے علاج اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر ملتان ڈویڑن عامر کریم خاں نے تحصیل کبیر والا کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور تعلیمی ادارے میں سہولیات و سروس ڈلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر ملتان ڈویڑن نے مولاپور میں پی ڈی پی کے تحت ڈسپوزل ورکس کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے پر جاری کام کی پیشرفت، فنڈز کے اجرا اور استعمال ہونیوالے میٹریل کے معیار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments