وہاڑی میں کسانوں کی کلین ایئر پروگرام، سپر سیڈر پرتربیت
زرعی انجینئرنگ کے آگاہی سیشن میں سینکڑوں کاشتکاروں کی شرکت، بریفنگ
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)شعبہ زرعی انجینئرنگ وہاڑی کے زیر اہتمام ریڈک ہال میں آگاہی اور تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس میں کاشتکاروں کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پروگرام پنجاب کلین ایئر پروگرام رینٹل سروسز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر کسانوں کو سپر سیڈر کے استعمال اور اس کے فوائد سے متعلق تربیت بھی دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں کسانوں نے شرکت کی۔ واک کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹینشن وہاڑی رانا محمد عارف نے کی۔ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ وہاڑی چوہدری محمد جاوید نے پنجاب کلین ایئر پروگرام رینٹل سروسز کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی اور کاشتکاروں کو سپر سیڈر کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی کرایا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹینشن رانا محمد عارف نے سموگ کے مضر اثرات، تدارک اور حکومت کی جانب سے جاری ہدایات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد ضروری ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر شماریات چوہدری عمر بشیر نے ضلع وہاڑی میں چاول کی فصل کی کاشت کے اعداد و شمار کے بارے میں شرکا کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے آگاہی سیشن کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ سیشن کے اختتام پر آگاہی واک نکالی گئی اور شرکا میں ریفریشمنٹ بھی تقسیم کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments