کپاس کی بہتر اقسام کیلئے پلانٹ فزیالوجی، میپنگ پر تربیتی سیشن

کپاس کی بہتر اقسام کیلئے پلانٹ فزیالوجی، میپنگ پر تربیتی سیشن

زرعی سائنسدانوں کو فصل کی خصوصیات، جلد پختگی ، پیداواری استعداد جانچنے کی تربیت

ملتان (خصوصی رپورٹر) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے ‘‘کاٹن پلانٹ فزیالوجی اینڈ میپنگ’’ کے موضوع پر تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں زرعی یونیورسٹی ملتان، کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان اور پنجاب کے مختلف کاٹن ریسرچ سب اسٹیشنز سے وابستہ سائنسدانوں نے شرکت کی۔ سیشن کا مقصد کپاس کی نباتاتی فعلیات، اقسام کی خصوصیات، پلانٹ میپنگ، جلد پختگی اور پیداواری صلاحیت کے حوالے سے سائنسدانوں کی فنی معلومات اور عملی مہارت میں اضافہ کرنا تھا۔ریسورس پرسن ڈاکٹر کیٹر ڈیوس ہیک (امریکہ) نے کپاس کی تحقیق، توسیع اور پیداواری نظام سے متعلق اپنے تجربات شرکا سے شیئر کیے ۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی اقسام کا جائزہ صرف حتمی پیداوار کی بنیاد پر نہیں بلکہ ان کی نباتاتی اور فعلیاتی خصوصیات کی بنیاد پر بھی سائنسی انداز میں لیا جا سکتا ہے ۔

تکنیکی سیشن میں ڈاکٹر ہیک نے پودے کی اونچائی، پہلی پھل دار شاخ کے نوڈ، پھل آنے کے انداز، ٹینڈوں کی تقسیم، پھل برقرار رکھنے کی صلاحیت، پختگی اور پودے کی مجموعی ساخت جیسے اہم عوامل پر روشنی ڈالی۔ شرکا نے پنجاب میں جاری کپاس کی بریڈنگ اور اقسام کی جانچ کے پروگراموں میں پلانٹ فزیالوجی اور میپنگ تکنیک کے عملی استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کپاس کے محققین کی استعداد بڑھانے اور بریڈنگ و پیداوار میں سائنسی سوچ کو فروغ دینے کے لیے اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بحالی کے لیے بہتر اقسام، جدید پیداواری ٹیکنالوجی، مؤثر فصل انتظام اور تحقیق، توسیع و صنعت کے درمیان مضبوط روابط ضروری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...