میپکو ریجن میں لوڈشیڈنگ دو گھنٹے تک محدود رکھنے کی ہدایت

میپکو ریجن میں لوڈشیڈنگ دو گھنٹے تک محدود رکھنے کی ہدایت

شیڈولڈ پرمٹ منسوخ، فالٹ کی صورت میں بحالی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) اسلام آباد اور میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہدایات کے مطابق ریجن بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دو گھنٹے سے زائد نہ رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے ۔ میپکو انتظامیہ نے تمام علاقوں میں مقررہ دورانیے کے اندر لوڈشیڈنگ رکھنے اور صارفین کو غیر ضروری تعطل سے بچانے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔میپکو ریجن کے فیڈرز اور گرڈ اسٹیشنوں پر تمام شیڈولڈ پرمٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ کسی ہنگامی صورتحال یا فالٹ کی صورت میں کم سے کم وقت میں بجلی بحال کرنے کے لیے آپریشن افسران اور عملے کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔

جنرل منیجر آپریشن انجینئر محمد اکرم سیال کی جانب سے میپکو کے تمام آپریشن اور جی ایس او سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اپنے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی علاقے میں دو گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نہ ہو۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ فالٹ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ آپریشن ونگ کے ایس ڈی او کو اطلاع دی جائے ، تاکہ پٹرولنگ کے ذریعے خرابی کی نشاندہی کرکے فوری ازالہ کیا جا سکے اور بجلی بحال کی جائے ۔ جی ایس او اور آپریشنل افسران اپنے سرکلوں میں لوڈ مینجمنٹ کی نگرانی کررہے ہیں۔میپکو انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ دو گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن (ای اینڈ ڈی) رولز کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...