نوجوان زرعی گریجویٹس میں سرٹیفکیٹس، تقرری لیٹرز تقسیم
58 انٹرنز کو تجربہ سرٹیفکیٹس، 39 نئے گریجویٹس کو تقرری احکامات جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب نوجوان زرعی گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے تحت ملتان میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں انٹرنز میں تجربہ کے سرٹیفکیٹس اور نئے منتخب ہونے والے انٹرنز میں تقرری کے احکامات تقسیم کیے گئے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملتان حافظ مدثر نواز تھے ، جبکہ سابق رکن پنجاب اسمبلی رانا اعجاز احمد نون بھی شریک ہوئے ۔تقریب میں 58 انٹرنز کو تجربہ کے سرٹیفکیٹس دیے گئے ، جبکہ 39 نئے انٹرنز کو تقرری کے احکامات جاری کیے گئے ، جن میں 25 مرد اور 14 خواتین شامل ہیں۔ مقررین نے کہا کہ نوجوان زرعی گریجویٹس کو پروگرام کے تحت 70 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے ۔
اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید زرعی علوم کے ساتھ عملی تربیت فراہم کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے ۔مقررین کے مطابق انٹرن شپ کے دوران نوجوان گریجویٹس کو فیلڈ میں عملی تجربہ حاصل ہوگا اور وہ کاشتکاروں کی رہنمائی، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور زرعی پیداوار سے متعلق مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے ۔دریں اثنا اڈاپٹیو ریسرچ فارم ملتان میں وزیراعلیٰ پنجاب کی سانجھی مفت سبزی پروگرام کے تحت ایک ایکڑ رقبے پر سبزیوں کی کاشت کا افتتاح بھی کیا گیا۔ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ مدثر نواز نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شاہد اقبال چیمہ بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments