غیر قانونی زرعی ادویات کی فارمولیشن، 6 ہزار کلوگرام برآمد
پیسٹ وارننگ ٹیم کی کارروائی، 29 لاکھ 82 ہزار روپے مالیت کی ادویات ضبط
ملتان (وقائع نگار خصوصی)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت شکیل احمد میاں کی ہدایات پر جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی زرعی ادویات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ پیسٹ وارننگ ملتان نے آبادی والے علاقے میں قائم غیر قانونی و غیر رجسٹرڈ احاطے میں گرینولر زرعی ادویات کی غیر قانونی فارمولیشن اور پیکنگ پکڑ لی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (پیسٹ وارننگ) تحصیل ملتان ڈاکٹر عبدالرؤف کی سربراہی میں کارروائی کے دوران 6 ہزار 64 کلوگرام زرعی ادویات قبضے میں لی گئیں، جن کی مالیت 29 لاکھ 82 ہزار 996 روپے بتائی گئی ہے ۔ کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ فرم کی جانب سے زرعی ادویات کی غیر قانونی تیاری اور پیکنگ کا انکشاف ہوا۔ موقع سے دو نمونے حاصل کرکے کیمیائی تجزیے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے جبکہ غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پیسٹی سائیڈز انسپکٹر ڈاکٹر عبدالرؤف کی مدعیت میں مزید قانونی کارروائی کے لئے تھانہ شاہ شمس میں استغاثہ جمع کرا دیا گیا، جبکہ ضبط شدہ ادویات کیس پراپرٹی کے طور پر پولیس کے حوالے کردی گئیں۔ محکمہ زراعت حکام نے کہا کہ غیر قانونی، جعلی اور غیر رجسٹرڈ زرعی ادویات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کاشتکار صرف رجسٹرڈ ڈیلرز سے منظور شدہ ادویات خریدیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments