واسا کی سیوریج لائنوں کی صفائی مہم تیز، شکایات کا فوری ازالہ
ڈی سلٹنگ ٹیمیں دن رات فیلڈ میں متحرک، مین ہولز کی صفائی اور مرمت جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی)شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری، بروقت اور بلا تعطل سہولیات کی فراہمی کیلئے واسا ملتان کی سیوریج لائنوں کی صفائی مہم تیزی سے جاری ہے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت کی خصوصی ہدایات پر وینچنگ مشینری اور دیگر جدید آلات کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور نکاسی آب کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے ۔ تمام سیوریج سب ڈویژنوں کی ٹیمیں دن رات کی شفٹوں میں فیلڈ میں متحرک ہیں۔واسا کی رپورٹ کے مطابق سوموار کی شب اور منگل کے روز ناکہ چوک گلگشت، زکریا ٹاؤن، سرکلر روڈ، پیر کالونی، لطیف ٹاؤن، ٹیپو سلطان کالونی، شیر شاہ روڈ، القریش کالونی، فیض ٹاؤن، نقشبند کالونی، سبزہ زار میٹرو اسٹیشن، محلہ اوڈاں والا، چیمبر آف کامرس کے قریب اور لوہا مارکیٹ کی کسی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں مین ہولز کی صفائی کی گئی۔
اور موصولہ شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ صفائی مہم مزید مؤثر اور تیز کی جائے ، ڈی سلٹنگ ٹیموں کیلئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کا نظام مکمل فعال رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، شہریوں کی شکایات کے ازالے میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار مین ہولز کی مرمت اور ڈھکنوں کی تنصیب کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments