ہارٹی کلچر ایجنسی:گرین بیلٹس پر600درخت وپودوں کی شجر کاری مکمل
شہر کو خوبصورت بنانے اور سبزہ بڑھانے کے لئے شجرکاری اور تزئین و آرائش کا کام جاری، متی تل، ملتان ایونیو اور خانیوال روڈ کی گرین بیلٹس پر پودے لگائے گئے ،ایم ڈی وسیم حسن
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے متی تل، ملتان ایونیو اور خانیوال روڈ کی گرین بیلٹس پر چھ سو سے زائد سایہ دار درختوں اور پودوں کی شجرکاری مکمل کرلی ہے ۔ متی تل گرین بیلٹ اور ملتان ایونیو پر بھی 60 سے زائد درخت اور پودے لگائے گئے ، جبکہ مختلف مقامات پر شجرکاری اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے ۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے شجرکاری کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ خانیوال روڈ کی گرین بیلٹ کو سایہ دار درختوں سے سرسبز بنایا جا رہا ہے ۔ ماحول کو خوشگوار اور سازگار بنانے کے لیے درخت لگانا ناگزیر ہے ۔ شجرکاری صدقہ جاریہ ہے ، اس لیے تمام طبقہ ہائے فکر کو اس مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور کمشنر ملتان کی سربراہی میں شہر کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے ۔ایم ڈی کے مطابق متی تل گرین بیلٹ پر مٹی کی بھرائی اور شجرکاری جاری ہے ، جبکہ ناردرن بائی پاس سے سہو چوک تک درختوں اور پودوں کی شجرکاری اور تزئین و آرائش کی جا رہی ہے ۔ خانیوال روڈ پر کھاد فیکٹری سے سہو چوک تک پانچ سو سے زائد درختوں اور پودوں کی شجرکاری مکمل کرلی گئی ہے ۔دوسری طرف ہارٹی کلچر اتھارٹی کی طرف سے شہر کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کو سماجی حلقوں اور شہریوں کی طرف سے سراہا جارہاہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments