ترقیاتی سکیموں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائیں:حنا ارشد
بیوٹیفکیشن کے تھری ڈی ڈیزائن اور مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت،تاخیر پر وارننگ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ وہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔اجلاس میں تحصیل وار منصوبوں پر کام کی رفتار، درپیش مسائل اور تکمیل کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تھری ڈی ڈیزائن تیار کرکے متعلقہ اداروں کے حوالے کیے جائیں تاکہ کام منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے ۔انہوں نے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے اور نئے منصوبوں کے ڈیزائن، پی سی ون کی تیاری اور منظوری کے مراحل مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کا حکم بھی دیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز رانا محمد شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments