مضر صحت اچار اور قلفیوں کی تیاری پر فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن

مضر صحت اچار اور قلفیوں کی تیاری  پر فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن

ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لودھراں میں مضرِ صحت اچار اور غیر معیاری قلفیوں کی تیاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 700 کلوگرام خوراک تلف کردی۔

 جبکہ دو یونٹس کے مالکان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 40 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے ۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زبیر احمد اعجاز کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے بستی ریت والا میں اچار یونٹ اور جلال پور موڑ پر آئسکریم پروڈکشن یونٹ کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران 500 کلوگرام فنگس زدہ اور بدبودار اچار جبکہ 200 کلوگرام غیر معیاری قلفیاں اور سیرپ موقع پر تلف کردیا گیا۔معائنے کے دوران اچار یونٹ میں فنگس زدہ اور بدبودار اچار، پیداواری حصے میں گندگی، حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ اسی طرح آئسکریم یونٹ میں غیر معیاری اور ممنوعہ اجزاء استعمال کرکے قلفیاں تیار کی جا رہی تھیں۔فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر دونوں یونٹس کے مالکان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زبیر احمد اعجاز نے کہا کہ شہریوں کو مضرِ صحت خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ خوراک کے معیار اور عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس مالکان کو قانون کے مطابق جوابدہ ہونا پڑے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...