ویمن یونیورسٹی کا مقامی منرلز انڈسٹریز سے اہم معاہدہ طے
تحقیق، انٹرن شپ، صنعتی دوروں اور تربیتی پروگرامز میں تعاون کے مواقع ملیں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان نے اکیڈمیا اور انڈسٹری کے روابط مضبوط بنانے ، صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ تحقیق کو فروغ دینے اور طالبات کے لیے عملی تربیت کے مواقع پیدا کرنے کے لئے خواجہ منرلز انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے ۔ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی ہدایات پر انڈسٹری لیڈرز لیکچر سیریز کے تحت تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی خواجہ منرلز انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ سہیل طفیل تھے ۔ انہوں نے ‘‘مائنڈ سیٹ اینڈ گروتھ ڈویلپمنٹ’’ کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لئے مثبت سوچ، خود اعتمادی اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ ضروری ہے ۔ طالبات کو تعلیمی ڈگری کے ساتھ عملی مہارتوں، فیصلہ سازی اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔تقریب کے دوران یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکیجز اور خواجہ منرلز انڈسٹریز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔ یونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹرنل لنکیجز جبکہ صنعتی ادارے کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ سہیل طفیل نے معاہدے پر دستخط کئے ۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تحقیق، انٹرن شپ، صنعتی دوروں، تربیتی پروگرامز، ورکشاپس، سیمینارز اور تکنیکی معلومات کے تبادلے میں تعاون کریں گے ۔ صنعت سے متعلق تحقیقی منصوبوں پر بھی مشترکہ کام کیا جائے گا تاکہ یونیورسٹی کی تحقیق کو عملی صنعتی ضروریات سے منسلک کیا جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments