37 فیکڑیاں، چکیاں، مضر صحت مصالحہ جات تیار: وسیع پیمانے پر سپلائی جاری

37   فیکڑیاں،  چکیاں،  مضر  صحت  مصالحہ  جات  تیار:  وسیع  پیمانے  پر  سپلائی  جاری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر گردونواح کے علاوہ ضلع بھر کی تحصیلوں اور دیہی علاقوں میں غیر معیاری مضر صحت مصالحہ جات کی فروخت کا دھندہ عروج پرپہنچ گیا۔

اندرون شہر گنجان آبادیوں میں مرچ، ہلدی، گرم مصالحہ اور دیگر مصالحہ جات تیار کرنے والی 37 چھوٹی بڑی فیکٹریاں اور چکیاں قائم ہیں،اکثریت میں مرچ، ہلدی اور مصالحہ جات میں لکڑی کا بورا ،پسی ہوئی اینٹیں اور دیگر اشیاء کی ملاوٹ کر کے انہیں خوبصورت ڈبوں میں پیک کر کے سادہ لوح لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے جبکہ بڑی فیکٹریوں کے ناموں سے ملتے جلتے ڈبوں میں بھی مصالحہ جات فروخت ہو رہے ہیں’ اس شہر میں تیار ہونے والے مصالحہ جات خوشاب’ بھکر’ میانوالی’ منڈی بہاؤالدین’ حافظ آباد’ چنیوٹ سمیت صوبہ کے دیگر کئی بڑے شہروں میں بھی وسیع پیمانے پر سپلائی کیے جا رہے ہیں، ناقص مصالحہ جات کے استعمال سے شہری مہلک بیماریوں جن میں زیادہ تعداد معدے کے السر ہے کا شکار ہو رہے ہیں، سابق ڈپٹی کمشنر نے فوڈ اتھارٹی کو ان فیکٹریوں میں تیار ہونے والے مصالحہ جات کے نمونہ جات حاصل کر کے تجزیہ کیلئے لیبارٹری کو بھجوانے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کیے مگر اکا دکا چھاپوں اور مقدمات درج کروا کر چپ سادھ لی گئی، شہریوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں