پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،ڈاکٹر اسد اسلم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ضلعی ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسد اسلم نے کہاہے کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ علماء کرام اور میڈیا سے وابستہ افراد انسداد پولیو کی قومی مہم میں ہمارے سفیر ہوں گے۔
پڑھے لکھے طبقے کو اس موذی وائرس کے خاتمہ کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے یہ بات علماء کرام اور میڈیا نمائندگان کے لیے منعقدہ آگاہی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی چھ روزہ انسداد پولیو مہم میں ہر فرد اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ پولیو ویکسین کے دو قطرے پلا کر ہمیں اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہے ۔ پولیو مہم کو صحت مند پاکستان کے لئے کامیاب بنانا ہوگا، سی او ہیلتھ نے مزید کہا کہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرزہمارا فخراور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جوگھرگھرجاکر معصوم بچوں کوپولیوسے بچاوکے قطرے پلاتے ہیں اس لیے ہمارا فرض ہے آنے والے ورکرز کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ پیش آئیں۔ پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیو مہم کی کامیابی کے لئے عوام ٹیموں سے بھرپور تعاون کرے ۔انہوں نے کہاکہ پو لیو مہم کے لئے بہترین انتظامات اور ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔