یونیورسٹی آف سرگودھا میں کانفرنس،58ریاضی دان شریک

یونیورسٹی آف سرگودھا میں کانفرنس،58ریاضی دان شریک

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ ریاضی کے زیرِ اہتمام پیور اینڈ اپلائیڈ میتھمیٹکس پر چوتھی قومی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ دو روزہ قومی کانفرنس میں58سے زائد ماہرینِ ریاضی شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی جبکہ اس موقع پر انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد سے پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی،یونیورسٹی آف یجوکیشن لاہور سے پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم،ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر عامر علی اور چیئرپرسن شعبہ ریاضی پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس سمیت فیکلٹی ممبران، ریسرچ سکالرز اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ملک بھر سے ریاضی دانوں، محققین اور طلباء کو بامعنی مکالمے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور معاشرے کی تشکیل میں ریاضی کا کردار نہایت اہم ہے اور طلبہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ تعلیم کے میدان میں علمِ ریاضی سے بصیرت حاصل کریں ۔ پروفیسر ڈاکٹر عامر علی نے اپنے خطاب میں خالص اور اطلاقی ریاضی کی دوہری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انسانی علم اور تکنیکی اختراعات کو آگے بڑھانے میں ان کے تعلق پر زور دیا۔ انہوں نے ہنر کی پرورش اور تعلیمی وسائل تک مساوی رسائی کو فروغ دینے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے ریاضی دانوں کی اگلی نسل کی آبیاری میں رہنمائی اور ادارہ جاتی تعاون کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف خالص اور اطلاقی ریاضی کے بے شمار موضوعات پر غور کرے گی بلکہ شرکاء کو اپنے تازہ ترین تحقیقی نتائج پیش کرنے ، حوصلہ افزا بات چیت میں مشغول ہونے اور ریاضی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اختراعی طریقوں کو تلاش کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں