چشمہ لنک کینال میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش نہ مل سکی

نور پور تھل(نمائندہ دنیا)چشمہ جہلم لنک کینال میں نہاتے ہوئے 16جولائی کو ڈوبنے والے 16سالہ آفتاب کی نعش 9روز سے جاری ریسکیو آپریشن کے بعد بھی نہ مل سکی ۔۔۔
ریسکیو آپریشن میں 1122،نیوی اور مقامی غوطہ خوروں نے نہر کا چپہ چپہ چھان مارا لیکن نعش کا کوئی پتا نہیں چل سکا ، علاقہ میں سوگ کی فضاء قائم ہے والدین غم سے نڈھال آفتاب کا والد سارا سارا دن نہر کنارے بیٹھ کر اپنے بچے کی نعش ملنے کے انتظار کے بعد شام کو افسردہ دل کے ساتھ گھر لوٹ جاتا ہے ، اہل علاقہ کے سینکڑوں لوگ دن رات نعش کی تلاش کیلئے نہر پر پہرہ دئیے بیٹھے ہیں اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمت نہیں ہاری ہر روز ایک نئے جذبے کے ساتھ آپریشن شروع کرتے ہیں اور آفتاب کی لاش ملنے تک اس آپریشن کو جاری رکھا جائے گا ۔دوسری جانب آفتاب کے والد نے امت مسلمہ سے دعاؤں کی اپیل کی ہے ۔