بلدیہ حکام کی عدم توجہی ، سموگ میں اضافے کا خدشہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)بلدیہ سرگودھا کے حکام کی عدم توجہی ممکنہ سموگ میں اضافہ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے جس پر تحفظ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسروں کو فوری ایکشن لینے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔۔
ذرائع کے مطابق تحفظ ماحولیات حکام کی بار بار وارننگ کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن افسر حکومتی گائیڈ لائن پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہے جبکہ فیلڈ ملازمین نے مختلف علاقوں سے جمع شدہ کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے تلف کرنے کی بجائے اسے آگ لگا کر ماحول کو مزید آلودہ کرنے کا سلسلہ بدستورجاری کر رکھا ہے ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ کوڑا کرکٹ کو مناسب ٹھکانے لگانے کیلئے سرکاری خزانے سے روزانہ بھاری فنڈز جاری کروانے کے ساتھ ساتھ وسائل کا ایک بڑا حصہ خرچ کیا جاتا ہے مگر صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید بگڑ رہی ہے ، بیشتر علاقوں میں شام کے بعد یا علی الصبح کارپوریشن عملہ جمع شدہ کوڑے کا ایک بڑا حصہ جلا دیتا ہے جس سے ہر طرف اٹھنے والے دھویں کے بادلوں کے باعث اطراف کے مکینوں کا بھی برا حال ہے ،اور ممکنہ سموگ میں اضافہ کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں جس پر تحفظ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی او کارپوریشن اس حوالے سے سختی سے پابندی پر عملدرآمد کرواتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارر وائی عمل میں لائیں ۔