شہدائے پولیس معاشرے کی پیشانی کا جھومر ہیں ‘ذیشان شبیر رانا
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )ضلعی پولیس کی جانب سے یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے جوہرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب توقیر محمد نعیم نے کہ جبکہ ڈپٹی کمشنر ذیشان شبیر رانا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صہیب احمد قاضی سمیت پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران، مرکزی انجمن تاجران جوہر آباد کے عہدیداروں، صحافیوں اور شہداء کی فیملیز سمیت سول کمیونٹی کے سینکڑوں افراد شریک تھے، اس موقع پر قانون کی بالادستی کیلئے فرائض کی ادئیگی کے دوران جام شہادت پیش کرنے والے پولیس کے شہدا کو شاندار الفاط میں خراج تحسین پیش کیا گیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کہا کہ شہدائے پولیس معاشرے کی پیشانی کا جھومر ہیں اگر آج ضلع خوشاب کی فضائیں بارود کی بو سے پاک ہیں تو یہ انہی شہداء کی قربانیوں کاثمر ہے ان کا نام یقیناً تاریخ کے اوراق پر سنہری حروف میں جگمگاتا رہے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے کہا کہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کا تقاضہ ہے کہ ان کی فیملیز کو تنہا نہ چھوڑا جائے خوشاب پولیس اپنے شہداء کے لواحقین کی پشت پر کھڑی ہے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا ہماری اخلاقی اور ملی ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن پورا کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سول کمیونٹی کے نمائندہ مرکزی انجمن تاجران جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن نے بھی شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاط میں خراج تحسین پیش کیا ، تقریب کے اختتام پر معزز مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ذیشان شبیر رانا اور ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے شہداء کی فیملیز میں تحائف تقسیم کئے۔