غیر حاضر ڈیلی ویجرز فارغ : تجاوزات کیخلاف شفاف ، بلا تفریق آپریشن کا حکم

غیر    حاضر    ڈیلی    ویجرز   فارغ    :    تجاوزات    کیخلاف    شفاف     ،     بلا   تفریق    آپریشن    کا    حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے واضح احکامات جاری کر رکھے ہیں جن پر من وعن عمل درآمد کروانے سے۔۔۔

 پہلے تاجروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ، اس آپریشن کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے ۔ اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنر معاون ہوں گے ، تجاوزات کے خلاف شفاف اور بلا تفریق آپریشن کیا جائے ، آپریشن دیرپا ہونا چاہیے ، یہ احکامات انہوں نے شہر سے تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں جاری کئے ۔ کمشنر نے کہا کہ آپریشن مرحلہ وار کیا جائے ، دکان کے سامنے ریڑھی لگوانے والے تاجر کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بے جا تکلیف نہ دی جائے اور آپریشن کا آغاز میونسپل کارپوریشن کی اپنی دکانوں سے کیا جائے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایک منصوبہ بندی کے تحت آپریشن شروع کریں۔ بڑی شاہرات اور بازاروں کو پہلے تجاوزات سے واگزار کروایا جائے ۔ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں سرکاری خالی اراضی کی نشان دہی کرکے وہاں ماڈل ریڑھی بازار بنائے جائیں اور اندرون بازاروں کی ریڑھیاں وہاں منتقل کی جائیں۔ اسی طرح سیٹلائٹ ٹاون اور سلانوالی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ریڑھیاں ترتیب کے ساتھ ایک لائن میں لگائی جائیں۔ انہوں نے کہا بازاروں میں تجاوزات کو روکنے کے لیے ملازمین کی مستقل ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ جہانزیب اعوان نے کہا کہ بازاروں اور مین شاہرات کو خوبصورت اور کشادہ رکھا جائے ۔ پی ایچ اے فیسکو پولز پر الیکٹرانک بورڈ لگانے کے اقدامات بھی یقینی بنائے ۔ انہوں نے عادی غیر حاضر عملہ صفائی کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے اور غیر حاضر ڈیلی ویجر کو ملازمت سے فارغ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں