غیر قانونی ڈیزل ، پٹرول ایجنسیوں کیخلاف ایکشن ٹھپ

غیر    قانونی    ڈیزل     ،     پٹرول    ایجنسیوں     کیخلاف     ایکشن    ٹھپ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) وسیع رقبے پر پھیلی سٹون کریشر مارکیٹ میں سرکاری رقبہ جات پر قائم سینکڑوں غیر قانونی ڈیزل ،پٹرول ایجنسیو ں کے خلاف ایکشن بااثر مافیا کی رکاوٹوں کی وجہ سے روک دیا گیا۔۔۔

جبکہ مناسب اقدامات نہ اٹھائے جانے کے باعث کسی بھی وقت حادثہ کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں، ذرائع کے مطابق لگ بھگ چار سو سے زائد کریشرز پلانٹس کے ساتھ بڑے بڑے ٹینکرز نصب کرکے مالکان نے منی ایجنسیاں بنوا رکھی ہیں جن میں پٹرول و ڈیزل سٹور کیا جاتا ہے ، قابل تشویش امر یہ ہے کہ اس حوالے سے نہ تو سٹوریج کا کوئی اجازت نامہ کسی کے پاس موجودہے اور نہ ہی ان پر کوئی ٹیکس لاگوہے ، یہی نہیں 95فیصد ڈیزل ایجنسیاں سرکاری رقبہ جات پر قائم ہیں، اور مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث جہاں کسی بھی وقت سانحہ کا خدشہ ہے وہاں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ،اس سلسلہ میں حساس ادارے کی نشاندہی اور سفارشات پر دو ماہ قبل ایکشن شروع ہوا جو چند روز جاری رہنے کے بعد اچانک رو ک دیا گیا جبکہ چیک اینڈ بیلنس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ حکومتی گائیڈ لائن الماریوں کی زینت بن کر رہ گئی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ مربوط حکمت عملی اختیار کرے ، تا کہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں