بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سہ ماہی قسط تقسیم نہ ہوسکی
بھیرہ(نامہ نگار)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ تحصیل بھیرہ کی خواتین میں سہ ماہی قسط کی رقم آج تقسیم نہ ہو سکی‘ رقم کی ادائیگی کا سرکاری چیک کیش ہونے میں مزید 2 سے 3دن لگ سکتے ہیں۔۔۔
ادائیگی سنٹر کے قیام کیلئے جاری چھٹی میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بھیرہ یا گورنمنٹ ہائی سکول بھیرہ کی نشاندہی کی گئی ہے مگر ابھی تک کسی ایک جگہ بھی سنٹر قائم کرنے کے انتظامات نہیں کئے گئے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بھیرہ میں قائم سنٹر سے گزشتہ رقوم کی ادائیگی کے دوران کالج طلبا نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کالج کے لکھمی نارائن آڈیٹوریم میں قائم سنٹر سے ان کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے سماجی رہنماؤں محمد شریف محمد ارشد جمیل احمد محمد غفران اور محمد صدیق نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل بھیرہ کی مستحقین میں رقوم کی ادائیگی کیلئے سنٹر کے قیام کے فوری انتظامات کیے جائیں نیز سنٹر میں ٹاؤٹ مافیا کے داخلہ پر پابندی لگائی جائے تاکہ خواتین پر سکون طریقہ سے بلا تفریق اپنی رقوم حاصل کر سکیں۔