6 لاکھ 92 ہزار 162 بچوں کو پولیو ڈراپس پلائے گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع سرگودہا میں حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران 6 لاکھ 92 ہزار 162 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جو مقرہ ہدف کا 98فیصد ہے ۔
اس طرح تھرڈ پارٹی کے ایل کیو اے ایس میں سرگودہا صوبہ بھر میں تیسرے نمبر پر آر ہا ہے اس ضمن میں ایک جائزہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر کے علاوہ ڈ ی ا یچ او ، ڈی ڈی ایچ او ز ، پولیس اور سول ڈیفنس ، ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم میں جانفشانی سے فرائض ادا کرنے والے فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور مانیٹرنگ افسران کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اداروں کی مشترکہ جدوجہد سے پاکستان جلد پولیو فری ہو گا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تھرڈ پارٹی نے کدلتھی ، نورے والا ، جلا ل پور جدید اور چک نمبر 36 شمالی میں آڈٹ کیا جو پاس ہوا ۔ مہم کے دوران 3ہزار 316 بچوں کو زیروڈوز دی گئی ۔ مزید بتایا گیا کہ پولیو مہم کے دوران ورکرنے 5 لاکھ36 ہزار 895 گھروں پر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی ۔ڈپٹی کمشنر نے حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے دوران بھی رہ جانے والے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ بعدازاں انہو ں نے مہم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صحت سمیت دیگر افسرا ن اور پولیو ورکرز میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔