ستھرا پنجا ب پروگرام :کمشنر سرگودھاڈویژن کو تفصیلی بریفنگ

 ستھرا پنجا ب پروگرام :کمشنر سرگودھاڈویژن کو تفصیلی بریفنگ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھاڈویژن جہانزیب اعوا ن کی زیر صدارت اجلاس میں سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحصیل بھلوال میں ستھرا پنجا ب کے تحت صفائی آپریشن بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 کمشنر کو بتایا گیا کہ تحصیل بھر میں کنٹریکٹر کی جانب سے 312 عملہ صفائی فیلڈ آپریشن میں مصروف ہیں جن میں 241 سینٹری ورکرز ، 53 ڈرائیورز، 13 سینٹر سپروائزاور 5 ہیلپر شامل ہیں جو کل افرادی قوت کا 87 فیصد ہے ۔ اس طرح آپریشن میں 53 مختلف مشینز کو استعمال میں لایاجارہاہے ۔ عملہ صفائی کو 75 ہتھ ریڑھیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 35 چھوٹے ، 10 بڑے کنٹینرز اور 100 ڈرم تحصیل بھر میں رکھے گئے ہیں۔ کمشنر کو مزید بتایا گیا کہ ایس ڈبلیو ایم سی کی جانب سے 17 ارکان پر مشتمل مانیٹرنگ سٹاف بھی تعینات ہے جبکہ ہر یونین کونسل میں معتبر افراد پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جارہی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تحصیل بھلوال کو تین زون میں تقسیم کیاگیا ہے ۔ زون ون اربن 24 وارڈز پر مشتمل ہے جبکہ زون ٹو میں 7 اور زون تھری میں 8دیہی یونین کونسلز شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ 12 دنوں میں 18 سو ٹن کوڑا ا کٹھا کر کے ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیاجاچکاہے ۔ تحصیل بھر میں زیروویسٹ مہم بھی جلد شروع کی جارہی ہے ۔ اس دوران 220 مقامات پر عرصہ دراز سے موجود بڑے کوڑے کے ڈھیروں کو اٹھا کر ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائیگا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے بھلوال میں کامیاب تجاوزات آپریشن پر اسسٹنٹ کمشنر کی خدمات کو سراہااور اسی عزم سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صفائی آپریشن اور سڑکوں کی دھلائی کی فوٹواور ویڈیوز بنانے کے ساتھ صفائی بارے عوام الناس اور خصوصا تاجروں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے تربیتی پروگرامز بھی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں