حکومتی احکامات کے باوجود سود خوری کا خاتمہ چیلنج

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود سرگودھا میں سود خوری کی روک تھام ایک چیلنج بنی ہوئی ہے ،ذرائع کے مطابق سود کے اس کاروبار کا حجم اربوں روپے ہے۔۔۔
اور بااثر سود خور مافیا کو ہاتھ ڈالنے میں ناکامی کی وجہ سے چھوٹے سود خوروں کے حوصلے بھی بلند ہے ، جنرل بس اسٹینڈ،پل 111،شہر کے اہم بازاروں سود خوری کے نت نئے طریقوں سے لوگ پھنس کر رہ گئے ہیں، کیبنٹ سب کمیٹی حکومتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے حوالے سے مسلسل ہدایات جاری کر رہی ہے اس کے باوجود سود خوروں کے سامنے نہ صرف قانون بے بس نظر آ رہا ہے بلکہ صورتحال باعث تشویش بنتی جا رہی ہے بلیک میل ہونیوالے گھرانوں کی ایک بڑی تعداد ان سود خوروں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں،جبکہ پولیس کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران درج ہونیوالے چند ایک مقدمات اور درخواستوں پر پیش رفت کی سست رفتاری اورروایتی طرز عمل سے متاثرین نا امید ہو کر رہ گئے ہیں،یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ بعض سود خور انتظامیہ کی چھتری تلے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں مصروف ہیں اورحساس ادارے کی جانب سے نشاندہی بھی کی جا رہی ہے اس کے باوجود سود خوری کے احکامات پر مجموعی عملدرآمد کی صورتحال جہاں باعث تشویش ہے وہاں متعلقہ اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے ۔