یوم شہادت حضرت علی ؓکے حوالے سے امن کمیٹی کا اجلاس

بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)یوم شہادت حضرت علی ؓکے سلسلہ میں ضلعی امن کورکمیٹی کامشاورتی اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سکیورٹی اور تحفظ امن عامہ کے سلسلہ میں سفارشات مرتب کی گئیں۔
اجلاس میں ڈی ایس پی انویسٹیگیشن مسعود نزیر نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر پولیس کے سکیورٹی پلان بارے تفیصلات بتائی اور اس پر عملدرآمد کیلئے وضع کردہ حکمت عملی سے شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،ممبران امن کمیٹی رانا آفتاب احمد،قاری عبد الشکور،رانا محمد اشرف،سید قیصر عباس نقوی،سید قلب عباس نقوی،مولانا عبد الرحیم رضوی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امن وامان اور سکیورٹی کیلئے جاری کردہ گائیڈلائن کی وضاحت کی اور کہاکہ اس پر ضلعی انتظامیہ وپولیس اور ضلعی امن کورکمیٹی کے بھرپور اشتراک اور تعاون سے عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ضلع کی پرامن صورتحال میں بگاڑیا خرابی پیدا کرنیوالے عوامل کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نیتحفظ امن عامہ کے سلسلہ میں مفید تجاویز پیش کیں جن کا ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر کنٹرول اور سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد میں ان تجاویز و سفارشات کو بھرپور اولیت دی جائے گی اور ضلع میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو حسب سابق برقرار رکھا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ملکی سلامتی کیلئے بطور خاص دعا کی۔