سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کاآغاز،مفت یونیفارم،کتابیں تقسیم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ دو بچوں کا نیا داخلہ کرکے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم برائے 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا۔۔۔
انہوں نے بچوں میں مفت یونیفارم ، بستہ اور کتابیں بھی تقسیم کیں۔ داخلہ مہم 2025 کے تحت 5 سے 16 سال کی عمر کے تمام بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم دی جاسکے گی جو آئین کے آرٹیکل 25-اے اور ‘‘پنجاب فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2014’’ کے تحت لازم ہے ۔اس مہم کا مقصد پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت معیاری اور مساوی تعلیم کو فروغ دینا ہے ،ذرائع کے مطابق داخلہ مہم 2025 دو مرحلوں میں چلائی جائے گی ،اس مہم میں اضلاع کو داخلے کے اہداف دیے گئے ہیں جن کی مانیٹرنگ صوبائی یونٹ کرے گا،تمام متعلقہ تعلیمی افسر، اساتذہ اور سکول سربراہان اس مہم میں اہم کردار ادا کریں گے ۔سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا، ریڈیو، ٹی وی ا ور مساجد کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔کامیاب طلبہ کی کہانیاں شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج بنایا جائے گا۔