ضلعی امن کمیٹی کا امن بر قرار رکھنے کا عزم ، یوم علی ؓ کے انتظامات کیلئے سفارشات مرتب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اپنے اس عہد کو ایک بار پھر دہرایا ہے کہ وہ ضلع میں امن برقرار رکھنے کے لیے ممبر و محراب سے بھائی چارے ، اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کا پیغام جاری رکھیں گے ۔
ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او محمد صہیب اشرف اور اے ڈی سی جی عمر فاروق کے علاوہ ممبران امن کمیٹی نے شرکت کی۔ شرکاء نے یوم شہادت حضرت علی ؓپر بھی ضلع بھر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سکیورٹی اور تحفظ امن عامہ کے سلسلہ میں سفارشات مرتب کی گئیں اور طے پایا گیا کہ ضلع کے امن کے لیے وضع کردہ گائیڈ لائن پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس ممبران امن کمیٹی کے تعاون سے عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی گل دستہ کی مانند اور ہمارے دست وبازو ہیں جن کے تعاون کے بغیر امن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ص ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے ، پہلے ہم مسلمان پھر سرکاری افسر ہیں۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کو جو حقوق حاصل ہیں بطور ریاست انہیں دینے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو تجاوز کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا.ڈی پی او نے کہا کہ آئین کی روح سے پاکستان میں سب برابر ہیں، ریاست کسی کو حد سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ سب کو قانون کی حدود میں رہ کر بات کرنا ہوگی۔