پھل وغیرہ من مانی قیمتوں پر بیچنے کے تمام ریکارڈ ٹو ٹ گئے

 پھل وغیرہ من مانی قیمتوں پر بیچنے کے تمام ریکارڈ ٹو ٹ گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمیشن ایجنٹوں نے ذمہ داروں کے منہ بند کر کے پھل وغیرہ من مانی قیمتوں پر فروخت کرنے کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔۔۔

 جبکہ صورتحال کے مطابق صارفین نے سوشل میڈیا پر پھلوں کے استعمال کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی، ذرائع سے انکشاف ہوا ہے کہ امسال انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی واضح نشاندہی اور احکامات کے باوجود انتظامیہ نے رمضان المبارک سے قبل کمیشن ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کی بجائے کھلی چھوٹ دی، جس پر پھلوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے 200 فیصد تک ریٹ بڑھا دیئے گئے اور جواز تراشا گیا کہ زیادہ تر پھل یہاں پیدا نہیں ہوتے اور باہر سے منگوائے جاتے ہیں اس لئے مہنگے فروخت کرنا پڑ رہے ہیں، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی و دیگر انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کمیشن ایجنٹوں کی طرف سے نوازا جاتا ہے تاکہ انہیں کھل کر کام کرنے دیا جائے ، یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال ذخیرہ اندوزوں اور بڑے مگر مچھوں کے خلاف کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے پھلوں کے ریٹ بھی ایک سطح پر برقرار اور عام صارف کی پہنچ سے مکمل طور پر دور ہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی ذمہ داروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،صارفین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کمیشن ایجنٹوں کے نرغے سے نکل کر حکومتی میرٹ پالیسی پر عمل پیرا ہوتو پھلوں کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ میں آسکتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں