22 ٹیوب ویلز کے ساتھ تعمیر واٹر سپلائی غیر فعال

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والی واٹر سپلائی سکیم محکمہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل کارپوریشن سرگودہ کی غفلت کے باعث تاحال فعال نہ ہو سکی۔۔۔
جس کی وجہ سے نہ صرف کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود اس میگا پراجیکٹ سے لوگ مستفید نہیں ہو سکے بلکہ سکیم چالو ہونے سے قبل ہی خراب ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے شہر میں پینے کے پانی کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے فیکٹری ایریا واٹر سپلائی سکیم کی کی منظوری دی جس پر محکمہ پبلک ہیلتھ نے تقریبا تین سال قبل کام شروع کرایا ٹھیکے دار سکیم مکمل کر چکا ہے لیکن یہ سکیم میونسپل کارپوریشن سرگود ھاکے ہینڈ اوور نہ ہونے سے چالو نہ ہو سکی اس سکیم کے تحت نہر لوئر جہلم کے کناروں پر 22 نئے ٹیوب ویل لگانے کیساتھ چار واٹرسپلائیوں کو اپ گریڈ جب کہ ایک نئی واٹر سپلائی بنائی گئی ہے جس پر کروڑ وں روپے خرچ ہوچکے ہیں ، کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ سکیم میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال کی اطلاعات ہیں اس لئے ہر طرح سے چیک کر کے ہی عملدرآمد ہو سکتا ہے جبکہ پی ایچ ای ڈی حکام کے مطابق ہینڈ اوور کرنے اور آڈٹ حکام سے بچنے کیلئے معاملات کا تعین نہیں ہو سکا ۔